کینیڈا امیگریشن فراڈ کے متاثرہ شہری کو رقم واپس
امیگریشن کنسلٹنٹ نے اجمل خان سے لاکھ روپے وصول کیے بحرین کا ورک ویزا دلانے کے نام پر مبینہ فراڈ کے مقدمے میں ملزم گرفتار
کراچی (این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے امیگریشن فراڈ کے متاثرہ شہری کو 11 لاکھ روپے واپس کردیے ، جبکہ بحرین کا ورک ویزا دلانے کے نام پر مبینہ فراڈ کے مقدمے میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کینیڈا امیگریشن میں معاونت کے نام پر ایک مبینہ امیگریشن کنسلٹنٹ نے شکایت کنندہ اجمل خان سے 11 لاکھ روپے وصول کیے تھے ۔ انکوائری اور تفتیش کے دوران رقم برآمد کرکے متاثرہ شہری کو واپس کردی گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ رقم کی واپسی تفتیشی ٹیم کی کوششوں اور شکایت کنندہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی نے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں ملزم یاسین خان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف تارکین وطن کی اسمگلنگ کی روک تھام کے قانون 2018 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج ہے ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو بحرین کا ورک ویزا فراہم کرنے کے لیے مبینہ طور پر 8 لاکھ روپے طے کیے تھے ، جن میں سے 5 لاکھ 20 ہزار روپے پیشگی وصول کیے گئے ۔ ویزے سے متعلق شبہات کے باعث شہری کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد اسے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کردیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق مزید تفتیش کے دوران ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments