جامشورو:مقتولہ مہک ملاح کی پولیس تحقیقات جانبدارانہ ہیں، والدین
پولیس ملزمان کوبچانے کی کوشش کررہی، فلاح فورم رہنما کے ہمراہ پریس کانفرنس
جامشورو(نمائندہ دنیا)چند روز قبل قتل ہونیوالی مہک ملاح کے والدین اور سندھ ملاح فورم کے رہنما ظہور ملاح نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جامشورو ایٹ کوٹری میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جامشورو پولیس ہماری بیٹی کے قتل کی تحقیقات جانبدار ہوکر رہی ہے ، جس سے ملزمان کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے آئی جی سندھ سمیت دیگر افسران سے معاملے کی شفاف تحقیقات کرانے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سمیت مقتولہ اور ملزمان کے موبائل کی رپورٹ جاری کرنے کی اپیل کی، تاکہ حقیقت سامنے آسکے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایس ایچ او جامشورو زاہد جھتیال قتل کے مقدمے میں ملزمان کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہا ہے جس پر عدم اعتماد ہے ، جس کو فوری طور پر ہٹا کر ایماندار اور غیرجانبدار افسر کا تقرر کیا جائے۔
مقتولہ کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ میری بیٹی انکے ساتھ رکشے میں گئی تھی جوکہ ہمارے پڑوسی ہیں اور ہم کو ان پر اعتماد تھا مگر ان لوگوں نے جو ڈرامہ رچایا ہے ، اس سے ہم کو شک ہوا کہ ہماری بیٹی کے ساتھ غلط کیا ہے ، میری بیٹی کے ساتھ اس کی دوست بھی گئی تھی جس کی شناخت ہم کو نہیں ہے ، وہ بھی منظر عام سے غائب ہے ، پولیس کوئی پیشرفت کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس تحقیقات کے حوالے سے ہم نے ڈی ایس پی کوٹری کو بھی آگاہ کیاہے ، انہوں نے انصاف نہ ہونے کی صورت میں سندھ ملاح فورم کے پلیٹ فارم سے سخت احتجاج کرنے کا انتباہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments