میرپور خاص:گٹروں کے آہنی ڈھکن چوری، 8ملزم پولیس کے حوالے
4خواتین شامل، شہریوں نے پکڑا، پولیس کا 2کیخلاف مقدمہ درج کرنے پرسوالات2ملزمان کے فرار ہونے کا دعویٰ، واقعہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، شہریوں کامطالبہ
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر کے مختلف علاقوں میں مین ہولز کے آہنی ڈھکن چوری ہونے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا، جس کے باعث یوسی چیئرمینز، کونسلرز اور شہریوں میں شدید تشویش تھی، گزشتہ روز یوسی نمبر 4 کے علاقے میں مکینوں نے ڈھکن چوری کرتے مبینہ چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور انہیں پولیس کے حوالے کردیا، پولیس کے مطابق واقعے کے سلسلے میں معشوق ولد فیض محمد سولنگی اور لیاقت ولد نظر محمد سولنگی کیخلاف سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ مقدمے میں شوکت اور امتیاز نامی دو ملزمان کو فرار قرار دیا گیا، پیپلز پارٹی یوسی 4 کے چیئرمین فہیم وسان اور علاقہ کونسلر سید لیاقت علی شاہ نے بتایا کہ مکینوں نے 4 خواتین سمیت مجموعی طور پر آٹھ افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے صرف دو ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے انکی گرفتاری ظاہر کی جبکہ دیگر افراد خصوصاً خواتین کا مقدمے میں کوئی ذکر نہیں، فہیم وسان اور سید لیاقت علی شاہ نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، مین ہولز کے ڈھکن چوری کرنے والے تمام مبینہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس امر کی بھی وضاحت کی جائے کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے پولیس کے حوالے کیے گئے دیگر افراد کو مقدمے میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مین ہولز کے ڈھکن چوری کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments