جامشورو:مقتول کے ورثا سے ایم پی اے ، ایس ایس پی کی ملاقات

جامشورو:مقتول کے ورثا سے ایم پی اے ، ایس ایس پی کی ملاقات

تعزیت، انصاف کی یقین دہانی کرائی، منشیات کے کاروبار کاخاتمہ ناگزیر، ملک سکندر60 فیصد کیسز منشیات سے متعلق، خاتمے کو اولین ترجیح بنارکھا ہے ، ظفر صدیق چانگا

جامشورو(نمائندہ دنیا)جامشورو میں منشیات فروشوں کی مبینہ فائرنگ سے قتل برفت برادری کے نوجوان کے افسوسناک واقعے پر ایم پی اے ملک سکندر خان جونیئر، ڈاکٹر سکندر شورو اور ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چانگا نے مقتول کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندان کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں انصاف کی فراہمی اور ہر ممکن قانونی مدد فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے ملک سکندر خان جونیئر نے جامشورو میں منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور ضلع میں منشیات کے مکروہ کاروبار کو فوری طور پر بند کرانا ہوگا۔

کیونکہ منشیات کی لعنت نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے اور معاشرے کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے اور ایسے تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جو کسی بھی روپ میں اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں۔ ایس ایس پی ظفر صدیق چانگا نے کہا کہ ضلع میں درج تقریباً 60 فیصد مقدمات منشیات سے متعلق ہیں، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ منشیات کا مسئلہ کس قدر سنگین ہے ۔ پولیس کی اولین ترجیح منشیات کے کاروبار کا مکمل خاتمہ اور اس میں ملوث عناصر کیخلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کیخلاف کارروائیوں میں رعایت نہیں ہوگی اور قانون کے مطابق اقدامات کیے جائینگے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...