نیا ناظم آباد میں عمارت کا حصہ گرگیا، ایک شخص جاں بحق، 6 زخمی

نیا ناظم آباد میں عمارت کا حصہ گرگیا، ایک شخص جاں بحق، 6 زخمی

مٹھائی کی دکان میں تعمیراتی کام کے دوران چھت کا حصہ گرنے سے حادثہ پیش آیا وزیراعلیٰ کا نوٹس،ایس بی سی اے سے رپورٹ طلب، وجوہات معلوم کرنیکی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)نیا ناظم آباد فلائی اوور کے قریب 2 منزلہ عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں قلندریہ چوک نیا ناظم آباد فلائی اوور کے قریب دو منزلہ عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا، واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثہ گلی کے کونے پر واقع مٹھائی کی ایک چھوٹی دکان میں جاری تعمیراتی کام کے دوران پیش آیاا۔اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا۔ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے تمام متاثرہ افراد کو نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔سربراہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ہمایوں خان نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبدالباری کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 3 زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیا ناظم آباد فلائی اوور کے قریب عمارت کا حصہ گرنے کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے تفصیل رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ حادثے کی حقیقی وجوہات سامنے لائی جائیں اور اس بات کا تعین کیا جائے کہ آیا واقعے میں کسی قسم کی غفلت برتی گئی ہے یا نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...