رینجرز اسنیپ چیکنگ میں 2 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار
پستول ،مسروقہ موبائل فونز اور شہریوں سے چھینی گئی نقدی بھی برآمد گرفتار ملزمان عادی مجرم ،ڈکیتی، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ) نے اسنیپ چیکنگ کے دوران کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان شیر ملک ولد حبیب اللہ اور امجد علی ولد محمد انور کو موقع واردات سے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول ، 2 چھینے گئے موبائل فونز اور شہریوں سے چھینی گئی نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔گرفتار ملزمان سائٹ ٹاؤن کے ملحقہ علاقوں میں بینکوں اور اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے والے شہریوں کا تعاقب کر کے اسلحے کے زور پر ان سے رقوم، موبائل فونز، موٹر سائیکل اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان نے ساتھی کے ہمراہ حال ہی میں شیر شاہ کے علاقے سے ڈکیتی کی واردات میں شہری سے 3 لاکھ روپے چھینے ۔ گرفتار ملزمان چھینی گئی رقم آپس میں تقسیم کر لیتے تھے ۔گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں جو ڈکیتی، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزم شیر ملک حال ہی میں ڈکیتی کے کیس میں جیل سے 3 سال قید کے بعد رہا ہوا ہے ۔ گرفتار ملزم شیر ملک ڈکیت گروہ کا سرغنہ ہے جو مختلف جرائم کی سرگرمیوں کو چلاتا اور ان کی نگرانی کرتا رہا ہے ۔گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments