پاک فوج کے حوالدار کے قتل میں مطلوب ملزم کیماڑی سے گرفتار
کراچی(این این آئی) اے وی سی سی اور سی آئی اے پولیس نے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں پاک فوج کے حوالدار کو قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو کراچی کے ضلع کیماڑی سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے مطابق ایس ایس پی اے وی سی سی آصف رضا بلوچ کی ہدایت پر جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے خفیہ اطلاع پر کیماڑی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم ساجد حنیف ولد محمد حنیف کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق ملزم ہری پور کے تھانہ بیڑ میں درج مقدمہ نمبر 229/23میں مطلوب تھا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے پاک فوج کے حوالدار اظہر خان کو قتل کیا اور واردات کے بعد ہری پور سے فرار ہوکر کیماڑی میں روپوش ہوگیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں بھی جیل جاچکا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments