آئینی ترمیم سے آئین کو متنازعہ بنایا جا رہا :جماعت اسلامی
لاہور(سیاسی نمائندہ)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا آئینی ترمیم سے آئین کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا آئینی ترمیم پر اتفاق نہیں مک مکا ہوا، سپریم کورٹ کے سینئر جج کو چیف جسٹس بنایا جائے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا ملک آئینی ترمیم کے ابہام اور تنازع کی گرفت میں ہے ۔ ادھر نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا آئینی ترمیم سے جس طرح عدالتی نظام کو غیر موثر کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اس نے حکومت اور اپوزیشن، دونوں کے چہروں سے نقاب اتار دئیے ۔ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت، غیر سنجیدہ اور سیاسی فیصلے کرکے ملک و قوم کو انتشار، سیاسی عدم استحکام اورانارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔