سیف سٹیز:اے آئی بیسڈ فیچر’’ٹاک ٹو کیمرا‘‘کا آغاز

سیف سٹیز:اے آئی بیسڈ فیچر’’ٹاک ٹو کیمرا‘‘کا آغاز

اوپن مین ہولز کی بروقت نشاندہی کیلئے اس ٹیکنالوجی کو بہتر بنایا گیا

لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب حکومت نے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت شہری تحفظ اور سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید اے آئی بیسڈ فیچر \"ٹاک ٹو کیمرا\" کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے ، جو سمارٹ سٹی مینجمنٹ میں ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔ افسران اب ورچوئل پیٹرولنگ آفیسر لکھ کر کیمروں کو براہِ راست ہدایات دے سکیں گے ، جس کے ذریعے متعلقہ مسئلے کی شناخت فوری ممکن ہو سکے گی۔ نیا سسٹم افسران کو سیف سٹی کیمرہ نیٹ ورک سے فوری، درست اور جامع معلومات فراہم کرے گا۔

جدید اے آئی ٹیکنالوجی میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ رئیل ٹائم میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال - جیسے اوپن مین ہول، اوور فلو ڈمپسر یا دھوئیں کے پھیلاؤ کی خودکار نشاندہی کر سکے ۔ لودھراں میں افسوسناک سانحہ کے بعد اوپن مین ہولز کی بروقت نشاندہی کیلئے بھی اس ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے ۔لاہور اور شیخوپورہ میں کامیاب تجربات کے بعد \"ٹاک ٹو کیمرا\" کا دائرہ کار اب پورے پنجاب تک بڑھا دیا گیا ہے ، جس سے شہریوں کیلئے سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی اور ریسکیو ریسپانس کا وقت مزید کم ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں