ناصر باغ پارکنگ پلازہ : جھیل کا پہلا سول سٹرکچر مکمل مسمار

ناصر باغ پارکنگ پلازہ : جھیل کا پہلا سول سٹرکچر مکمل مسمار

نیلا گنبد پارکنگ پلازہ اور ناصر باغ پارکنگ پلازہ میں انجینئرنگ ورک، مسماری، ڈی واٹرنگ اور یوٹیلیٹی شفٹنگ سمیت اہم مراحل مکمل تعمیراتی مراحل میں اہم پائلنگ کا مرحلہ مکمل ،465 پائلوں میں سے 422 پائلز تیار ،درختوں کی شفٹنگ کے مرحلہ کی بھی سو فیصد تکمیل

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں پارکنگ کے مسائل کے مستقل حل کے لیے ٹیپا کے دو اہم زیرِ زمین پارکنگ پلازوں کے منصوبوں میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ نیلا گنبد اور ناصر باغ پارکنگ پلازوں پر جاری کام میں تیزی آ گئی ہے ، جہاں ایک جانب نیلا گنبد منصوبہ فزیکل پراگریس کے اہم سنگِ میل عبور کر چکا ہے ، وہیں ناصر باغ میں پُرانے سٹرکچر کی مسماری اور ڈی واٹرنگ کا بڑا حصہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیلا گنبد پارکنگ پلازہ اور ناصر باغ پارکنگ پلازہ میں انجینئرنگ ورک، مسماری، ڈی واٹرنگ اور یوٹیلیٹی شفٹنگ سمیت اہم مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔نیلا گنبد زیرِ زمین پارکنگ پلازہ میں فزیکل پراگریس 19 فیصد سے زائد تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ منصوبے کی نئی ڈیڈ لائن 10 جون 2026 مقرر کر دی گئی ہے ۔ تعمیراتی مراحل میں سب سے اہم پائلنگ کا مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے ، جہاں مجموعی 465 پائلوں میں سے 422 پائلز تیار کر لی گئی ہیں۔

اسی طرح کیپنگ بیم کے کام میں 382 میں سے 153 کیپنگ بیم مکمل ہو چکی ہیں۔منصوبے کی راہ میں حائل پرانے اوقاف سٹرکچر کی مسماری بھی تقریباً مکمل ہے ، 71 یونٹس میں سے 70 یونٹس گرائے جا چکے ہیں۔ زیرِ زمین تعمیر کے لیے کھدائی کا عمل بھی جاری ہے اور 67 ہزار 960 سینٹی میٹر میں سے 2 ہزار 718 سینٹی میٹر کھدائی مکمل کر لی گئی ہے۔ اس کے ساتھ لیسکو لائنوں، سیوریج و واٹر سپلائی لائنوں اور درختوں کی شفٹنگ کا مرحلہ بھی سو فیصد مکمل ہو چکا ہے، جس کے بعد مرکزی سول ورک بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔

ناصر باغ زیرِ زمین پارکنگ پلازہ میں بھی بڑے پیمانے پر پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ جھیل کے سابقہ سول اسٹرکچر کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا ہے ۔ ڈی واٹرنگ کے عمل میں جھیل سے 25 ہزار 530 کیوبک فٹ پانی نکالنا تھا، جس میں سے 17 ہزار 883 کیوبک فٹ پانی نکال لیا گیا ہے ۔ پارکنگ ایریا کی کھدائی سے قبل سولنگ کا مرحلہ بھی جاری ہے ، جہاں 31 ہزار 7 مربع فٹ میں سے 21 ہزار 705 مربع فٹ سٹرکچر مسمار کیا جا چکا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں