500کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کوچالو کر دیاگیا

500کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کوچالو کر دیاگیا

ایشین بینک کے تعاون سے مکمل منصوبہ صارفین کو بجلی فراہمی میں بہتری لائیگا

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )نیشنل گرڈ کمپنی نے بجلی کے ترسیلی نظام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 500کے وی لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کو چالو کر دیا ، یہ گرڈ سٹیشن لاہور اور گرد و نواح میں بجلی فراہمی کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریگا۔ یہ گرڈ سٹیشن ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت اور 20اعشاریہ7ارب روپے سے مکمل کیا گیا ہے ۔ اس گرڈ سٹیشن کا شمار حالیہ برسوں کے بڑے منصوبوں میں ہوتا ہے ۔ منصوبے کے تحت 113کلومیٹر طویل 500کے وی اور 45 کلومیٹر طویل 220کے وی ٹرانسمیشن لائنز بچھا کر اہم گرڈ سٹیشنز کو آپس میں منسلک بھی کیا گیا ہے ۔یہ منصوبہ سی پیک کے تحت ملک کے جنوبی حصے میں قائم پاور پلانٹس سے پیدا ہونیوالی سستی بجلی کی مؤثر ترسیل اور لاہورمٹیاری (ایچ وی ڈی سی)ٹرانسمیشن لائن کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو ممکن بنائے گا جبکہ اس سے لاہور، گوجرانوالہ اور ملحقہ علاقوں کے گرڈ سٹیشنز پر لوڈ میں بھی نمایاں کمی آئیگی۔منیجنگ ڈائریکٹر (این جی سی)انجینئر الطاف ملک نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر این جی سی کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں