دیگر صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی پنجاب میں بھی رجسٹریشن
گاڑیوں کے ریکارڈ کو شفاف بنانے اور نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی ہوسکے گی
لاہور(عاطف پرویز سے )محکمہ ایکسائز پنجاب نے گاڑیوں کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے ، جس کے تحت پنجاب سے باہر دوسرے صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیاں اب پنجاب میں ری رجسٹر ڈکی جا سکیں گی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں دیگر صوبوں کی گاڑیوں کی نادہندہ اور ملکیت کی جانچ کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں تھا، جس کے باعث اس نئی پالیسی کی ضرورت محسوس کی گئی۔
نئی پالیسی کے ذریعے گاڑیوں کے ریکارڈ کو شفاف بنانے اور نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی ممکن بنائی جا سکے گی۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ری رجسٹریشن پالیسی کی تیاری پر باضابطہ کام شروع کر دیا ہے ، جبکہ پالیسی کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں بائیو میٹرک ٹرانسفر سسٹم کے نفاذ کے بعد پنجاب میں بھی گاڑیوں کی ری رجسٹریشن پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پالیسی کے تحت پنجاب میں ری رجسٹرڈ ہونے والی گاڑی کو پنجاب کا نیا رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائے گا، جبکہ گاڑی کا پرانا نمبر ایکسائز کے ریکارڈ میں محفوظ رکھا جائے گا۔