رواں سال پہلی ششماہی میں پانی بل نہیں بڑھیں گے
ایندھن اور بجلی کے نرخ مستحکم رہنے پر پانی کا ٹیرف برقرار رکھنے کا فیصلہ
لاہور (شیخ زین العابدین)پانی صارفین کے لیے ریلیف،سال 2026 کی پہلی ششماہی میں پانی کے بلوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا،ایندھن اور بجلی کے نرخ مستحکم رہنے پر واسا نے پانی کا ٹیرف برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق واسا انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران پانی کے بلوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور موجودہ ٹیرف برقرار رکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پانی کے نرخوں میں ردوبدل کا اختیار ایندھن اور بجلی کی قیمتوں سے مشروط کیا گیا تھا۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے پہلے ہی پانی کے ٹیرف کو ریشنلائز کرنے کی منظوری دے رکھی تھی، جس کے تحت ہر چھ ماہ بعد پانی کے نرخوں پر نظرثانی کی جانی تھی تاکہ بڑھتی ہوئی لاگت کو مدنظر رکھا جا سکے ۔تاہم سال 2025 کے آخری چھ ماہ کے دوران پٹرول، ڈیزل اور بجلی کے نرخوں میں کوئی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ ایندھن اور بجلی کی قیمتیں نسبتاً مستحکم رہنے کے باعث واسا انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ سال 2026 کے پہلے چھ ماہ میں پانی کے ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔