خامنہ ای کی شہادت نے خطے کو جنگ میں دھکیل دیا :پی پی

خامنہ ای کی شہادت نے خطے کو جنگ میں دھکیل دیا :پی پی

ایران پر بلا اشتعال حملے اور بمباری میں سینکڑوں بچے بھی شہید ہو چکے:حسن مرتضیٰ

لاہور(سپیشل رپورٹر)جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی حسن مرتضیٰ نے ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے خطے کو طویل جنگ میں دھکیل دیا ہے ،یہود و نصاریٰ کی جارحیت شدید علاقائی کساد بازاری کو ہوا دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران پر بلا اشتعال حملے اور بمباری میں سینکڑوں بچے بھی شہید ہو چکے ہیں،انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیر کی طرح ایران پر بھی مجرمانہ خاموش ہیں۔

خدانخواستہ یہ جنگ ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو گئی تو کون ذمہ دار ہو گا؟پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں انکے ساتھ شریک ہے ۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری بلا کر ایران پر حملے رکوانے کی قرار داد منظور کرائی جائے ۔دریں اثنا پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہیں ،یہ فیصلہ عوام دشمن ہے اور اس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے گی اور اس کا براہِ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں