داتادربار کے سابق انتظامی افسروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

داتادربار کے سابق انتظامی افسروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے مالی بے ضابطگیوں پر کارروائی کی منظوری دیدی

لاہور(سیاسی نمائندہ)داتادربار کے سابق انتظامی افسروں کیخلاف مالی بے ضابطگیوں کے الزام پر کارروائی کا فیصلہ ،چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے سابق انتظامیہ کیخلاف پنجاب ملازمین کارکردگی، نظم و ضبط اور احتساب ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کی منظوری دیدی۔ سابق ایڈمنسٹریٹر شیخ جمیل ، سابق منیجر طاہر مقصود اور سابق نگران شریف پر بدانتظامی، حکم عدولی اور کروڑوں روپے کی مالی بدعنوانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جس پر ان کیخلاف باقاعدہ محکمانہ انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سابق ایڈمنسٹریٹر کے دور میں دسمبر 2025 سے 12 جنوری 2026 تک کی نذرانہ بکس کشادگیوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 سے 32 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مجموعی طور پر آمدن میں 44 لاکھ 79 ہزار 970 روپے کی کمی سامنے آئی۔ دوسری جانب نئے تعینات ایڈمنسٹریٹر کی نگرانی کے بعد نذرانہ بکس کی آمدن میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا اور 19 جنوری سے 23 فروری 2026 تک کشادگیوں میں 3 سے 72 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیاجبکہ چھ ہفتوں کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 75 لاکھ 62 ہزار 119 روپے زائد آمدن حاصل ہوئی۔ چیف ایڈمنسٹریٹر آفس نے محکمہ کے ڈی جی مذہبی امور اور ڈائریکٹر مالیات پر مشتمل کمیٹی کو باقاعدہ انکوائری کی ہدایت جاری کر دی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں