کراچی تباہ ،بلاول میئر کی کارکردگی سے خوش ، منعم ظفر

کراچی تباہ ،بلاول میئر کی کارکردگی سے خوش ، منعم ظفر

پانی کا ایک قطرہ بڑھا نہ کے فور مکمل ہوا،پیپلز پارٹی 3360ارب ہڑپ کر چکی

کراچی(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی تباہ و برباد ہوگیا مگر بلاول بھٹو میئر کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی نہیں مل رہا، 18 سال میں کچرا اٹھانے کا کوئی نظام نہیں بنایا جاسکا لیکن پھر بھی بلاول اپنی ٹیم سے مطمئن اور وزیراعلیٰ کو شاباش دے رہے ہیں۔منعم ظفرنے کہا کہ شہر میں قبضہ میئر عوام پر مسلط کیا گیا، مسئلہ جیالے میئر کا نہیں بلکہ جعلی میئر کا ہے ، ان کو مسلط کرنے والے بھی اب پریشان ہیں اور بغلیں جھانک رہے ہیں، 18 ویں ترمیم کے بعد کراچی کے تمام اداروں پر قبضہ کرلیا گیا، ظلم و جبر پر چین سے نہیں بیٹھیں گے ، عید کے بعد شہری حقوق کیلئے شہریوں کو کال دیں گے۔

منعم ظفر نے کہا کہ 15 سال میں پیپلز پارٹی کراچی کے 3 ہزار 360 ارب روپے ہڑپ کرچکی ، بلاول بھٹو بتائیں 18 سال گزر گئے کراچی کے پانی میں ایک بوند کا اضافہ کیوں نہیں ہوا، کے فور منصوبہ ابھی تک کیوں مکمل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ شہر کو5 ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن سندھ حکومت پانچ ڈبل ڈیکر بسیں لاکر ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے ، پورے شہر کو انہوں نے قبرستان بنادیا ہے ، لوگ گھروں سے نکلتے ہوئے خوفزدہ ہیں، رواں سال موبائل چھیننے کے واقعات میں 15 لوگ جانوں سے محروم ہوگئے ، ٹرالر اور ڈمپرز معصوم شہریوں کو کچل رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں