الیکٹرک بس سروس کا نیا روٹ آج سے شروع ہوگا

 الیکٹرک بس سروس کا نیا روٹ آج سے شروع ہوگا

گلشن معمار سے ٹاور تک 32 کلومیٹر روٹ سے لاکھوں شہری مستفیدہونگےماحول دوست ، جدید ٹرانسپورٹ کی فراہمی حکومت سندھ کی ترجیح ، شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے منگل(آج)سے ای وی بس کا نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایک بیان میں سینئر وزیر نے کہا کہ ای وی بس کا نیا روٹ شروع ہونے سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس کا نیا روٹ گلشن معمار تا ٹاور سے شروع کیا جا رہا ہے ، جو 32 کلومیڑ پر مشتمل ہوگا، نئے روٹ سے ، گلشن معمار، سرجانی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں کے رہائشیوں کو شہر کے مرکز تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔ نیا روٹ شروع ہونے سے شہر کے لاکھوں شہریوں کو جدید، آرام دہ اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔

 سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کو معیاری اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ، الیکٹرک بسیں نہ صرف آرام دہ اور جدید سہولیات سے آراستہ ہیں بلکہ یہ ماحول دوست بھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ، مستقبل میں ای وی بس سروس کے مزید روٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، جدید الیکٹرک بسیں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومت سندھ کے اسی ویژن کا حصہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں