جی بی میں جاری منصوبے جلدمکمل کئے جائیں ،وزیر مواصلات
استور سے چلم چوکی 54،سکردو سے دیوسائی تک 31کلومیٹر سڑک کی تعمیر کی منظوری
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم کی صدارت میں گلگت بلتستان میں سڑکوں کے منصوبوں کا جائزہ اور ان کی منظوری کے لیے اجلاس ہوا ، وفاقی وزیر نے اہم راستوں کی فوری تعمیر اور اپ گریڈیشن کی ہدایت کی۔ منظور کیے گئے اہم منصوبوں میں استور سے چلم چوکی تک 54 کلومیٹر طویل سڑک اور سکردو سے دیوسائی تک 31 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر شامل ہے ۔ مشکل گزار علاقوں میں سڑکوں کی پائیداری اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی وزیر نے حکم دیا کہ نئی سڑکوں کی چوڑائی کم از کم 7.3میٹر رکھی جائے اور موجودہ تنگ راستوں کو کشادہ اور پختہ کیا جائے ۔ ہمارے شمالی علاقہ جات بین الاقوامی معیار کے بنیادی ڈھانچے کے حقدار ہیں ۔ بہترین سڑکوں کا نیٹ ورک سیاحت کی صنعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ دیگر منظور شدہ منصوبوں میں اپر کچورا، باشو اور شگر روڈ کی تعمیر، شاہراہِ قراقرم سے نلتر جھیل تک 36 کلومیٹر طویل ٹکڑا، اور فیری میڈوز تک 12 کلومیٹر طویل دشوار گزار سڑک کی تعمیر شامل ہے ۔