فوڈ اتھارٹی کوکارروائیاں، غیر معیاری خوراک پر بھاری جرمانے
ملتان ڈویژن میں آپریشن، مشروبات، ہوٹلز کی انسپکشن، 110 کلو اشیاء تلف
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملتان ڈویژن میں خوراک کے تحفظ کے مشن کے تحت وسیع آپریشن کیا، جس میں بیوریجز پلانٹس، کالجز کنٹینز، ہوٹلز اور دیگر فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 110 کلو ممنوعہ اجزاء اور 75 لیٹر غیر معیاری مشروبات تلف کر دیئے گئے ۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ۔ قادرپور راں میں بیوریجز پلانٹ کو ناقابلِ سراغ اجزاء کی موجودگی اور ناقص ریکارڈ پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
چکن شاپ، سنیکس یونٹ، پنیر یونٹ اور کریانہ سٹور سمیت متعدد دکانوں پر صفائی کی ناقص صورتحال، حشرات کی موجودگی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر 20 سے 40 ہزار روپے تک جرمانے عائد کئے گئے ۔میاں چنوں، کبیروالا، بہاولپور روڈ، لودھراں اور خانیوال سمیت مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں جہاں کنٹینز میں ممنوعہ مشروبات، ایکسپائرڈ اشیاء اور ناقص سٹوریج کے باعث جرمانے کئے گئے ۔ بعض ریسٹورنٹس کو کچن میں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر سزا دی گئی۔ترجمان کے مطابق شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔