ریونیو حکام کو عوامی مسائل حل کرنیکا الٹی میٹم
کچہریوں میں اے سیز، ریونیوافسر، پٹواریوں کی موجودگی یقینی بنائی جائے، افسروں کو کیسز جلد نمٹانے کے احکامات، بروقت شنوائی کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق
ملتان ( وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیر اہتمام عوامی خدمت کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کی، ریونیو عوامی خدمت کچہری میں 70 سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے جبکہ فردِ ملکیت، انتقالات، قبضہ اور دیگر ریونیو معاملات پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو ریونیو سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسر اور پٹواریوں کی موجودگی سے عوام کو فوری ریلیف دیا جا رہا ہے ، انہوں نے قبضہ مافیا کے خلاف موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہر ماہ دو مرتبہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل کی بروقت شنوائی یقینی بنائی جا سکے ، مزید برآں ریونیو افسروں کو روزانہ کی بنیاد پر کیسز نمٹانے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے جبکہ شہریوں نے مسائل کے بروقت حل پر ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔