عید پر قربانی کے جانور بجلی کے کھمبوں سے دور باندھنے کی ہدایت
شہریوں کو جگہ کا جائزہ لینے کی تاکید،ٹرانسفارمرز کے قریب جانور وں کو حادثات کا خطرہ
لاہور(آن لائن) صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید قرباں کے موقع پر قربانی کے جانور بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز اور دیگر برقی تنصیبات کے قریب ہرگز نہ باندھے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں اور خطرناک برقی تنصیبات کے قریب جانوروں کو باندھنا انتہائی خطرناک ہے کیونکہ معمولی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔وزیر توانائی نے شہریوں پر زور دیا کہ جانور باندھنے سے قبل جگہ کا مکمل جائزہ لیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اطراف میں کوئی کھلی یا خطرناک بجلی کی تار موجود نہ ہو۔ملک فیصل ایوب نے کہا کہ عید کے دنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے نہ صرف انسانی جانوں بلکہ قیمتی جانوروں کو بھی ممکنہ حادثات سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے ۔