عید رش کے پیش نظر مربوط اقدامات کرنے کا فیصلہ

عید رش کے پیش نظر مربوط اقدامات کرنے کا فیصلہ

کمشنرکی زیرصدارت اجلاس، بھکاریوں کیلئے ویلفیئر اداروں کی مدد لی جائیگیبازاروں میں ٹریفک پولیس کے تعاون سے نظم و ضبط برقرار رکھاجائے گا

کراچی (این این آئی)انتظامیہ نے عید الفطر کی آمد کے موقع پر متو قع عید رش کے پیشِ نظر ٹریفک روانی کو بہتر بنانے ، پارکنگ مسائل سے نمٹنے اورپیشہ ور بھکاریوں سے شہریوں کو نجات دلانے کیلئے مربوط اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پیر کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے پیشہ ور بھکاریوں کی روک تھام کیلئے سیلانی اور جے ڈی سی سمیت ویلفیئراداروں کی مدد لی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنرز بھکاریوں کو پکڑ کر سیلانی اور جے ڈی سی پہنچائیں گے ، افسران کو ہدایت کی گی کہ جہاں بھی انہیں رکھا جائے ان کی مناسب دیکھ بھال ہونی چاہیے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹوں، شاپنگ مالز اوربازارو ں میں ٹریفک پولیس کے تعاون سے ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز رابعہ سید نے کمشنر کوگراں فروشی کے خلاف مہم کی 3 ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ 19 فروری سے 15 مارچ تک 4ہزار 849گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ مجموعی طور پر 3 کروڑ 83 لاکھ 83ہزار 649 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔97 گراں فروشوں کی دکانیں سیل کی گئیں،91 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا ۔اجلاس میں ملاوٹ والے دودھ کی فروخت کی شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔گزشتہ دو روز میں ملاوٹ کے مرتکب دکانداروں پرایک لاکھ 59 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں