عیدپر پارکس میں سکیورٹی انتظامات مؤثر بنانے کا فیصلہ
کینٹینز ،پارکنگ فیس میں اوورچارجنگ روکنے کیلئے بھی نگرانی کی جائیگی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد پارکس کا رخ کرتی ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کے اہم پارکس میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں ایم ڈی پی ایچ اے لاہورنے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں عید کی تعطیلات پرپارکس میں مناسب پولیس نفری تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔گریٹر اقبال پارک، گلشن اقبال پارک، جیلانی پارک، باغ جناح اور جلو بوٹینیکل گارڈن سمیت اے کیٹیگری پارکس میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے جائینگے ۔ پولیس اور پی ایچ اے کے افسرمشترکہ نگرانی کرینگے ۔عید کی تعطیلات پرپارکس کیلئے خصوصی ایس او پیز بھی جاری کیے گئے ہیں جنکے تحت بغیر اجازت کسی اضافی سٹال، کاروبار یا کھیلوں کی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ کینٹینز اور پارکنگ فیس میں اوورچارجنگ کی روک تھام کیلئے بھی خصوصی نگرانی کی جائیگی ۔پی ایچ اے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی عملہ کی مکمل حاضری اور ڈیوٹی کو یقینی بنایا جائے گا ۔