بچوں کی تعلیم متاثر،ہفتے میں4دن سکول کھولنے کا مطالبہ
کورس نا مکمل ،نویں ، انٹر کے امتحانی شیڈول پرنظر ثانی کی جائے ،کاشف جادوانی
لاہور(خبر نگار)ایران جنگ سے پیدا ہونے والے بحران سے پنجاب میں چھٹیوں پر تعلیمی نظام شدید متاثر ہونے لگا ۔ پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے نویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسز کے سالانہ بورڈ امتحانات کے شیڈول پر نظر ثانی اور ہفتے میں چار دن سکول کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔ تعلیمی اداروں میں مسلسل تعطیلات پر طلبہ کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے جبکہ نویں اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کی تیاری بھی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ، چھٹیوں سے نا صرف طلبہ بلکہ اساتذہ بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کاشف ادیب جادوانی نے کہا ہے کہ چھٹیوں سے طلبہ کا کورس مکمل نہیں ہو سکا،اکیڈمک کیلنڈر پہلے ہی 130 دنوں تک محدود ہو چکا ہے ،چھٹیاں بڑھانے کی بجائے ہفتے میں تین سے چار دن سکول کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ تعلیمی نقصان کم ہو سکے ، ملک میں صرف 15 سے 20 فیصد طلبہ کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت ہے۔