ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مفت فلیٹس دینے کی سکیم تاخیر کا شکار
کارکردگی پر سوالیہ نشان، الاٹمنٹ کے باوجود ورکرز کو چار ماہ بعد بھی قبضہ نہ مل سکا
لاہور(عاطف پرویز سے )ورکرز ویلفیئر فنڈ پنجاب کی جانب سے مفت فلیٹس دینے کی سکیم تاخیر کا شکار ہو گئی، الاٹمنٹ کے باوجود ورکرز کو چار ماہ گزرنے پر بھی قبضہ نہ مل سکا۔ دسمبر میں فلیٹس کی قرعہ اندازی کی گئی تاہم ابتک الاٹ کیے گئے فلیٹس ورکرز کے حوالے نہیں کیے جا سکے ۔سکیم کے تحت 720 مفت فلیٹس دینے کا اعلان کیا گیا مگر عملدرآمد میں مسلسل تاخیر سے ورکرز میں تشویش بڑھنے لگی۔قرعہ اندازی عمل میں تقریباً ساڑھے 6 ہزار ورکرز نے درخواستیں جمع کروائی تھیں جن میں سے کامیاب افراد اب بھی اپنے گھروں کے منتظر ہیں۔متاثرہ ورکرز کا کہنا ہے کہ الاٹمنٹ کے باوجود قبضہ نہ ملنا سمجھ سے بالاتر ہے ، حکومت فوری ہمارا حق دے ۔ورکرز نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فلیٹس کا قبضہ دیا جائے۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ‘ وزیر اعلیٰ نے ایک ہفتے میں قبضہ دینے کی ہدایت کی تھی تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ ورکز کو معاہدے سائن کرنے کیلئے دے رہے ہیں ۔ جو ابھی تک سائن نہیں ہوئے ۔