ایل ڈی اے بونافائیڈ کمیشن کومزید 1سال کام کی اجازت
ایک سال کے دوران کمیشن کو 178 کیسز موصول،174 نمٹا دیئے گئے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے کے بونا فائیڈ کمیشن کو ایک بار پھر توسیع دے دی گئی ہے ، جہاں پنجاب کابینہ نے ڈی جی ایل ڈی اے کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے کمیشن کو مزید ایک سال تک کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔یہ کمیشن بنیادی طور پر بونا فائیڈ خریداروں، غیر قانونی تعمیرات اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق کیسز کی سماعت اور فیصلے کا اختیار رکھتا ہے اور اس کا دائرہ کار بدستور برقرار رکھا گیا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران کمیشن کو 178 کیسز موصول ہوئے جن میں سے 174 نمٹا دیے گئے ، جسے کارکردگی کی بنیاد بنا کر مزید توسیع کو جواز فراہم کیا گیا۔تاہم 2013 کے ترمیمی ایکٹ کے تحت ون ٹائم بنیاد پر قائم کیا گیا یہ کمیشن اب مسلسل توسیع کے باعث ایک مستقل ڈھانچے کی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے ، جس پر قانونی اور انتظامی حلقوں میں سوالات بھی موجود ہیں۔یوں ایک بار پھر عارضی بنیادوں پر قائم کمیشن کو سہارا دے کر ایل ڈی اے نے شہری مسائل کے حل کا عمل جاری رکھنے کی کوشش کی ہے ، تاہم یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا، اسکا تعین آئندہ فیصلوں سے ہوگا۔