طلبہ کے لیے مشترکہ سفری نظام اپنانے کی ہدایت

 طلبہ کے لیے مشترکہ سفری نظام اپنانے کی ہدایت

ایجوکیشن اتھارٹی کانجی تعلیمی اداروں میں کار پولنگ کے فروغ کیلئے مراسلہ جاری

لاہور (خبر نگار) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نجی تعلیمی اداروں میں کار پولنگ کے فروغ کے لیے اہم مراسلہ جاری کر دیا ہے ، جس میں سکولوں کو طلبہ کے لیے مشترکہ سفری نظام اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے کے مطابق ایندھن کے بحران کے پیش نظر کار پولنگ کو فروغ دینا ناگزیر ہو گیا ہے ، اس لیے والدین کے تعاون سے طلبہ کے لیے مشترکہ ٹرانسپورٹ کا نظام یقینی بنایا جائے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ایندھن کی بچت ممکن ہوگی بلکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں بھی واضح کمی آئے گی۔ اتھارٹی کے مطابق کار پولنگ ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے ، جو فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بن سکتا ہے ۔ اسی سلسلے میں نجی سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ اور مؤثر ٹرانسپورٹ سسٹم تشکیل دیں تاکہ طلبہ کو سہولت کے ساتھ ساتھ سکیورٹی بھی فراہم کی جا سکے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے مراسلے میں واضح کیا ہے کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں