شیخوپورہ:بغیر پرمٹ بسیں، ویگنیں شہریوں کیلئے خطرہ
آر ٹی اے ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس نے آنکھیں بند کرلیں
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)شیخوپورہ میں مختلف فیکٹریوں ،کارخانوں کے ملازمین کو پک اینڈ ڈراپ دینے والی بسیں اور ویگینیں کئی کئی سال سے روٹ،پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے بغیر روڈز پر دوڑ رہی ہیں، یہ خستہ ہال اور کھٹارا بسیں شہریوں کی جانوں کیلئے خطرہ بن گئیں۔آر ٹی اے ڈیپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس نے آنکھیں بند کرلیں۔ سیکرٹری آرٹی اے روڈ پر گاڑیوں کی چیکنگ کی بجائے اپنے دفتر میں آرام کرنے لگی جبکہ ٹریفک پولیس ان کھٹارا بسوں اور ویگنوں کی چیکنگ بجائے موٹرسائیکل سواروں کے چالان میں مگن دکھائی دیتی ہے ۔ان کھٹارا بسوں کو اکثر وبیشترحادثات بھی پیش آتے ہیں مگر ان محکموں کے افسروں اور اہلکاروں نے کبھی ان کو چیک نہیں کیا۔ مذکورہ بسیں اور ویگنیں جوئیانوالہ سے لاہور،شیخوپورہ،فاروق آباد، سچاسودا، صفدرآباد جبکہ شرقپور روڈ سے شیخوپورہ ،فاروق آباد ،مانانوالہ ،فیروزوٹواں ،بھکھی سمیت دیگر قصبات اور دیہاتوں سے مزدوروں کو لیکر آتی اور جاتی ہیں مگر یہ تمام بسیں اور ویگنیں محکموں کے افسروں اور اہلکاروں کی رینج سے باہر ہیں۔ رابطہ کرنے پر سیکرٹری آرٹی اے اور ٹریفک پولیس افسروں نے بتایا کہ یہ بسیں ہماری تعیناتیوں سے پہلے کی چل رہی ہیں، ان فیکٹری مالکان اور بسوں کا ٹھیکہ لینے والوں کے تعلقات اوپر تک ہیں اس لیے ان کون پوچھے گا۔