جی سی یو کا انٹرمیڈیٹ کی 3 ہزار نشستوں پر داخلوں کا اعلان
یونیورسٹی 30 اپریل تک صرف آن لائن درخواستیں وصول کرے گی :ڈائریکٹر
لاہور(خبر نگار)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے انٹرمیڈیٹ کی 3 ہزار نشستوں پر داخلوں کا اعلان کر دیا ہے ، جن میں کالا شاہ کاکو کیمپس میں پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور آئی سی ایس کے طلباء کے لیے 300 اضافی نشستیں بھی شامل ہیں۔مین کیمپس میں مارننگ اور آفٹرنون شفٹوں میں پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، جنرل سائنس، کمپیوٹر سائنس، کامرس اور ہیومینٹیز سمیت تمام گروپس میں داخلے جاری ہیں۔
ڈائریکٹر انٹرمیڈیٹ سٹڈیز صدیق اعوان نے بتایا کہ یونیورسٹی 30 اپریل تک صرف آن لائن درخواستیں وصول کرے گی اور ہارڈ کاپیز جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق، داخلے صرف نویں کلاس کے بورڈ نتائج کی بنیاد پر ہوں گے اور کوئی انٹری ٹیسٹ نہیں لیا جائے گا۔ طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مارننگ اور آفٹرنون شفٹ کے لیے الگ الگ فارم جمع نہ کرائیں؛ جی سی یو خودکار طریقے سے دونوں شفٹوں کی الگ الگ میرٹ لسٹیں آویزاں کریگا۔