پاکستان بینکنگ سمٹ مستقبل کے مشترکہ ویژن کیساتھ ختم

پاکستان بینکنگ سمٹ مستقبل کے مشترکہ ویژن کیساتھ ختم

اصلاحاتی تسلسل برقرار رکھنا ضروری :جمیل احمد، ظفر مسعود، منیر کمال ودیگر

کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (PBA)نے پاکستان بینکنگ سمٹ 2026(PBS\\\'26) کے دوسرے ایڈیشن کا کامیابی سے اختتام کیا، جس میں بینکاری صنعت نے مضبوط اشتراک، جدت، مالی شمولیت اور مؤثر پالیسی مکالمے کے ذریعے پاکستان کی معاشی تبدیلی کے اگلے مرحلے میں اپنا اجتماعی کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔دو روزہ پاکستان بینکنگ سمٹ میں1002سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں پالیسی ساز، ریگولیٹرز، بینکاری شعبے کے قائدین، بین الاقوامی ماہرین، ترقیاتی شراکت دار، جامعات کے نمائندگان اور کارپوریٹ پاکستان شامل تھے ۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اﷲ اور گلوبل ہیڈ آف سروسز سٹی شہمیر خالق نے کلیدی خطابات کئے ۔بانی پرو چانسلرلمزسید بابر علی نے خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے شرکاء سے خطاب کیا۔گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے حاصل پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ اصلاحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے ، مالیاتی سہولیات تک رسائی کو وسعت ، جدت کو فروغ دینے اور شعبے کی مضبوطی میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے ۔چیئر مین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن ظفر مسعود نے کہا پاکستان بینکنگ سمٹ نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان کے مالیاتی شعبے کا مستقبل باہمی تعاون کے ذریعے ہی تشکیل پائے گا۔ سی ای او اور سیکرٹری جنرل پاکستان بینکس ایسوسی ایشن منیر کمال نے کہا پاکستان بینکنگ سمٹ اب مالیاتی شعبے میں بامعنی مکالمے اور اجتماعی اقدامات کو فروغ دینے والا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں