رواں سال صوبہ بھر میں 26ہزار 267منشیات فروش گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)رواں سال صوبہ بھر میں 26 ہزار 267 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 25ہزار 243مقدمات درج کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 13ہزار 324 کلوگرام چرس، 1251کلوگرام ہیروئن، 870 کلوگرام آئس، 557کلوگرام افیون اور 3لاکھ 79ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال 3746 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3631 مقدمات درج کیے گئے ۔ لاہور میں کارروائیوں کے دوران 1345کلوگرام چرس، 88کلوگرام ہیروئن، 367 کلوگرام آئس، 37 کلوگرام افیون اور 17 ہزار 541لیٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔