مشرق وسطیٰ میں پھر کشیدگی تشویشناک:جمعیت اہلحدیث
جنگ کا شکار سب سے زیادہ عرب ممالک ہو رہے :نائب امیر عبدالغفور راشد
لاہور(سیاسی نمائندہ) ممبر اسلامی نظریاتی کونسل اورنائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے مشرق وسطیٰ میں ایک بار پھر کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری ایران امریکہ جنگ سے تنگ ا ٓچکی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم سے معاملات حل ہونے چاہئیں۔عالمی برادری کے ساتھ اس جنگ کا شکار سب سے زیادہ عرب ممالک ہو رہے ہیں، جہاں ایرانی فورسز ان ممالک کی خود مختاری اور آزادی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کررہی ہیں۔
یہ رویہ امت مسلمہ کے اتحاد کو پارا پار ا کرنے اور عرب ممالک کو مشتعل کرنے کا باعث بھی بن رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے برادر اسلامی ملک ایران اور عالمی امن کے مفاد میں ثالثی کا ردار ادار کیا ، جسے عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے کہ دو بڑے متحارب ممالک کو اتنے عرصے بعدمذاکرات کی میزپر بٹھایا ہے ، جس پر دونوں ممالک ایران اور امریکہ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔آج بھی پاکستان ہی ان دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ مذاکرات کروا سکتا ہے جس کے لیے وزیر خارجہ اسحاق ڈارمتحرک ہیں ،ہم امیدکرتے ہیں کہ جلد کوئی پرامن حل نکل آئے گا۔