60ہزار کے ای چالان والی کمرشل پک اپ گاڑی پکڑی گئی
جرمانہ ادا نہ کرنے پر پک اپ گاڑی کو قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانے میں بند
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔گرین ٹاؤن کے علاقے میں 60 ہزار روپے مالیت کے زیر التوا ای چالان والی کمرشل پک اپ گاڑی کو پکڑ لیا گیا،ٹریفک انسپکٹر ظہیر عباس کے مطابق کارروائی کے دوران پک اپ گاڑی کا ای چالان ریکارڈ چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ گاڑی پر 60 ہزار روپے جرمانہ واجب الادا ہے ۔
مذکورہ کمرشل گاڑی نے چار مرتبہ سگنل کی خلاف ورزی کی تھی، جس پر ہر خلاف ورزی کا جرمانہ 15 ہزار روپے مقرر کیا گیا،جرمانہ ادا نہ کرنے پر کمرشل پک اپ گاڑی کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے میں بند کر دیا گیا ہے ،لاہور ٹریفک پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں ٹریفک قوانین کی 20 سے زائد خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کے ذریعے ای چالاننگ کا عمل جاری ہے ، جبکہ نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے ۔چیف ٹریفک افسر سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ای چالان سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور دوران سفر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔