ممکنہ سیلاب:ڈی سی ننکانہ کا جسلانی گائوں، نالہ ڈیک کا دورہ
انتظامیہ ہرقسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے :رعنا حمید
ننکانہ صاحب (خبر نگار ) ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ متحرک، ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کا جسلانی گاؤں اور نالہ ڈیک کا ہنگامی دورہ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر جسلانی گاؤں اور نالہ ڈیک کے تفصیلی دورہ کے دوران گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کیے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور نالہ ڈیک کے حساس مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسروں سے بریفنگ حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ، تمام پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ممکنہ مون سون بارشوں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے ، حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ہنگامی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، نالہ ڈیک کے اطراف ناجائز تجاوزات کا فوری خاتمہ کریں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments