ای او بی آئی مستقل چیئرمین کے بغیر ، انتظامی امور متاثر
بجلی سمیت دیگر یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی کا عمل بھی رک گیا :ذرائع
لاہور(خبر نگار)ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن، ای او بی آئی، شدید انتظامی بحران کا شکار ہو گیا۔ مستقل چیئرمین کے بعد عارضی سربراہ کی مدت بھی ختم ہو گئی، جس کے باعث ادارہ 16 روز سے سربراہ سے محروم ہے ۔ملازمین کے مطابق ای او بی آئی کے عارضی سربراہ کی مدت جولائی میں ختم ہوئی، تاہم تاحال نئے سربراہ کی تعیناتی نہیں کی جا سکی۔ سربراہ کی عدم موجودگی کے باعث ادارے کے انتظامی اور مالی معاملات متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی سمیت دیگر یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی کا عمل بھی رک گیا ہے ، جبکہ ادارے کے متعدد اہم انتظامی اور مالی معاملات التوا کا شکار ہیں۔ملازمین کے مطابق ای او بی آئی گزشتہ دو سال سے مستقل چیئرمین سے محروم ہے اور ادارہ مسلسل عارضی سربراہوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ۔ ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے میں فوری طور پر مستقل چیئرمین تعینات کیا جائے تاکہ انتظامی امور معمول کے مطابق چل سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments