تعلیمی بورڈز :ڈائریکٹر سپورٹس کی متعدد پوسٹیں عرصے سے خالی
کلرکس کے پاس چارج ،فیصل آباد بورڈ میں دو سال سے ڈائریکٹر سپورٹس موجود نہیں
لاہور(خبر نگار) تعلیمی بورڈز میں ڈائریکٹر سپورٹس کی متعدد پوسٹیں کئی سال سے خالی پڑی ہیں۔ ملتان بورڈ میں یہ اہم عہدہ گزشتہ دس سال سے خالی ہے ، جبکہ فیصل آباد بورڈ میں بھی دو سال سے ڈائریکٹر سپورٹس تعینات نہیں۔ بعض بورڈز میں کلرکس کو اضافی چارج دے کر کام چلایا جا رہا ہے ۔ وزیر تعلیم نے خالی اسامیوں پر تعیناتی کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈز میں کھیلوں کے فروغ اور طلبا کی کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کیلئے ڈائریکٹر سپورٹس کا اہم کردار ہوتا ہے ، لیکن پنجاب کے متعدد بورڈز میں یہی عہدہ کئی سال سے خالی چلا آرہا ہے ۔ملتان تعلیمی بورڈ میں ڈائریکٹر سپورٹس کی پوسٹ گزشتہ دس سال سے خالی ہے ، جبکہ فیصل آباد بورڈ میں بھی یہ عہدہ دو سال سے خالی پڑا ہے ۔سرگودھا، ساہیوال اور گوجرانوالہ کے تعلیمی بورڈز میں بھی ڈائریکٹر سپورٹس کی پوسٹیں کئی سال سے خالی ہیں ۔ مستقل افسران کی عدم موجودگی کے باعث بعض تعلیمی بورڈز میں کلرکس کو ڈائریکٹر سپورٹس کا اضافی چارج دیکر امور چلائے جا رہے ہیں۔کئی سال تک اہم عہدوں پر مستقل تعیناتی نہ ہونے سے بورڈز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے متاثر ہونیکا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب اب محکمہ تعلیم کی جانب سے خالی اسامیوں پر مستقل تعیناتی کے لیے پیش رفت شروع کردی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments