نادرا کا خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے خصوصی سہولت کا اعلان
خواتین کو برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر بھی کارڈ بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی
لاہور(آئی این پی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شادی شدہ اور غیر شادی شدہ خواتین کیلئے شناختی کارڈ کے حصول کے حوالے سے خصوصی سہولت کا اعلان کردیا۔اس سہولت کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والی خواتین کو برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر بھی شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔نادرا کے اعلامیہ کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کی ایسی خواتین جن کے پاس برتھ سرٹیفکیٹ موجود نہیں، وہ مقررہ مدت کے دوران شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکیں گی، شادی شدہ خواتین کمپیوٹرائزڈ نکاح نامے کی بنیاد پر شناختی کارڈ بنوا سکیں گی۔
حکام کے مطابق شادی شدہ خاتون کی درخواست کیلئے اس کے شوہر یا والدین میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد شناختی دستاویزات کے حصول کے عمل کو آسان بنانا اور خواتین کو درپیش مشکلات میں کمی لانا ہے۔نادرا کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کیلئے بھی مخصوص شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ ایسی درخواست گزار خواتین کے پاس والدین، بہن یا بھائی میں سے کسی ایک کا شناختی کارڈ ہونا ضروری قرار دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments