سیوریج، واٹر سپلائی منصوبہ ادارہ جاتی اختلافات کا شکار،واسا کی کام سے معذرت
تاریخی علاقوں میں نئے سیوریج ، واٹر سپلائی کی ذمہ داری والڈ سٹی کودینے پر غورتاہم اسکے پاس اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ نہیں واسا، والڈ سٹی اتھارٹی، ایل ڈی اے اور ٹیپا میں اختیارات، ذمہ داریوں کی تقسیم طے نہ ہونے پرمنصوبے پر پیشرفت رک گئی
لاہور(سٹاف رپورٹر سے )لاہور کے تاریخی علاقوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کا نیا نظام بچھانے کا منصوبہ ادارہ جاتی اختلافات کی نذر ہونے لگا۔ذرائع کے مطابق واسا نے اندرون لاہور میں نئے سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کی تعمیر کی ذمہ داری لینے سے معذرت کر لی ہے ۔ واسا کی جانب سے منصوبے کیلئے صرف تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جبکہ منصوبے کی ذمہ داری والڈ سٹی اتھارٹی کو سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم اتھارٹی کے پاس سیوریج اور واٹر سپلائی کیلئے الگ ڈائریکٹوریٹ موجود نہیں۔ والڈ سٹی اتھارٹی پہلے ہی اندرون شہر کی مختلف گلیوں میں پانی کی فراہمی اور سیوریج کے کام کر رہی ہے لیکن پورے تاریخی علاقے کیلئے جامع نظام کی تعمیر ایک بڑا مرحلہ ہے ۔دوسری جانب ایل ڈی اے اور ٹیپا بھی اس منصوبے کی ذمہ داری لینے سے گریزاں ہیں۔ دونوں ادارے تاریخی علاقوں میں سرکلر گارڈن، فٹ پاتھوں اور عمارتوں کے فساڈ کی اپ گریڈیشن پر کام کر رہے ہیں تاہم سرکلر گارڈن کے اطراف نیا سیوریج نیٹ ورک بچھانے کا معاملہ تاحال حل طلب ہے ۔اس منصوبے کے تحت اندرون لاہور میں بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے نیا ڈرینج سسٹم بھی تعمیر کیا جانا ہے جدید نیٹ ورک بچھانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔تاہم واسا، والڈ سٹی اتھارٹی، ایل ڈی اے اور ٹیپا کے درمیان اختیارات اور ذمہ داریوں کی تقسیم طے نہ ہونے سے پیشرفت رک گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments