کالجز کے نان ٹیچنگ سٹاف کی ری شفلنگ،ریکارڈ طلب
پنجاب میں 76کالجز کے پرنسپلز کی تعیناتی کیلئے ای پورٹل بھی کھول دیا گیا
لاہور(خبر نگار )محکمہ ہائر ایجوکیشن نے سرکاری کالجز کے نان ٹیچنگ سٹاف کی ری شفلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب بھر کے ملازمین کا ریکارڈ طلب کر لیا ۔ تمام ڈویژنز کو نان ٹیچنگ ملازمین کا تصدیق شدہ ڈیٹا5روز میں ایکسل فارمیٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں 20، 15، 10، 5 اور 3سال سے تعینات ملازمین کی الگ الگ فہرستیں تیار کرنے جبکہ 3 سال سے کم عرصہ تعینات ملازمین کا ریکارڈ بھی علیحدہ مرتب کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔58سال سے زائدعمر کے ملازمین، ریٹائرمنٹ سے قبل رخصت (ایل پی آر)پر جانیوالے اورٹرانسفر کے بعد دوبارہ اسی ادارے میں تعینات ہونیوالوں سمیت اٹیچمنٹ پر کام کرنیوالے ملازمین کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ دریں اثناپنجاب بھر میں 76کالجز کے پرنسپلز کی تعیناتی کیلئے ای پورٹل بھی کھول دیا گیا۔پرنسپل مرد /خواتین کی خالی اسامیوں پر تعیناتی کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئیں ،ای پورٹل نے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی ، درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 20نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments