نوجوانوں کی گرفتاریاں نہ رکیں تو احتجاج کرینگے ، خواجہ سلیمان
ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا کہ والدین نوجوان بچوں کو گھر میں قید کر نے پر مجبور ہوگئے ہیں کیوں کہ پولیس آئے روز دفعہ 144کی آڑ نوجوانوں کی گرفتار کرکے تھانوں میں بند کردیتی ہے ۔
پولیس کی طرف سے بلاوجہ بچوں کو گرفتارکرنے کی وجہ سے بچوں کے لواحقین اور مائیں رات بھر ہسپتالوں تھانوں کے چکر لگاتے رہتے ہیں اور ایسے حالات میں ایس ایچ او،اور پولیس اہلکاروں کی چاندی لگی ہوئی ہے اور ٹاؤٹ مافیا چھایا ہواہے ۔رشوت لے کر بچوں کو چھوڑا جاتا ہے ۔تھانوں میں ٹاؤٹوں کو کرسیاں بھی پیش کرتے ہیں اور چائے سے بھی نوازتے ہیں جبکہ باعزت اور باوقار لوگ جن میں تاجر بھی شامل ہیں ان سے توہین آمیز سلوک کیا جاتا ہے اگر حکومت اور انتظامیہ پولیس گردی سے باز نہ آئی تو ملتان کے عوام اور تاجر شدید ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی، سی پی او دفتر سمیت ملتان کے تھانوں کے باہر دھرنے دیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ چوروں ڈاکوؤں دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر مختلف مافیاز کا قلع قمع کرنا پولیس کے فرائض میں شامل ہے جبکہ یہ تمام طبقات کھلے پھر رہے ہیں اور شریف آدمی سمیت تاجروں کی دفعہ 144کی آڑ میں ان پر زندگی عذاب بنائی جا رہی ہے ۔