بھکاریوں کے روپ میں چوریاں کرنے والا گروہ پکڑا گیا

بھکاریوں کے روپ میں چوریاں کرنے والا گروہ پکڑا گیا

گروہ 3 نوجوان لڑکیوں اور 3 مردوں پر مشتمل،پھٹہ رکشا بھی بر آمد

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر میں بھکاریوں کے روپ میں چوریاں کرنے والا گروہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ اہل علاقہ نے واردات کے دوران ملزمان کو قابو کرکے پولیس کو اطلاع دی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گروہ کے زیر استعمال پھٹہ رکشا بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق پل دیوان کے علاقے میں 3 نوجوان لڑکیوں اور 3 مردوں پر مشتمل گروہ پکڑا گیا جو پھٹہ رکشا کے ذریعے مختلف علاقوں میں گھومتے اور بھیک کے بہانے گھروں میں داخل ہو کر چوری کرتے تھے ۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ رات کے وقت وارداتیں جبکہ دن میں بھکاریوں کے روپ میں سرگرم ہوتا تھا۔ کم عمر لڑکیوں کو مسکین بنا کر مختلف چوکوں، بازاروں اور مہنگی دکانوں پر بھیجا جاتا جبکہ مرد ساتھی نگرانی کرتے تھے ۔پل دیوان میں ایک واردات کے دوران اہل علاقہ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزموں کو پکڑ کر سٹی پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے گروہ کا پھٹہ رکشا قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے گروہوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں