تل،سویابین،کینولہ کی پیداواری صلاحیت کیلئے ورکشاپ
کسانوں کو تیلدار اجناس کی کاشت ، حکومت کی سکیموں سے آگاہی دی گئی
بورے والا (سٹی رپورٹر)محکمہ زراعت توسیع بوریوالا نے حکومت پنجاب کی ہدایت پر تل، سویابین اور کینولہ کی کاشت کو فروغ دینے ، درآمدی تیل کا متبادل مہیا کرنے اور برآمدات بڑھانے کے منصوبے کے تحت ایک صلاحیت سازی ورکشاپ منعقد کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع بوریوالا رانا طارق حسین نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے ، اور تیلدار اجناس کے بیج کی کوالٹی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سب کیمپس بوریوالا کے شعبہ پلانٹ پیتھالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاشر مسرور نے خاص طور پر کینولہ کی اچھی پیداوار دینے والی اقسام کی نشاندہی کی جبکہ علی شان اختر نے مختلف کھادوں کے استعمال اور ان کے فوائد کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زرعت توسیع ضلع وہاڑی رانا عارف نے کسانوں کو حکومت پنجاب کی زرعی سکیموں کی تفصیلات پیش کیں اور تلدار اجناس کی کاشت کے ذریعے درآمدی تیل پر انحصار کم کرنے پر زور دیا۔ورکشاپ میں شریک زمینداروں کو تیلدار اجناس کی کاشت کی اہمیت اور ان سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد سے روشناس کرایا گیا۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کا عملہ، گریجویٹ انٹرنز اور بڑی تعداد میں کسان بھی موجود تھے ۔ کاشتکاروں نے حکومت پنجاب کی زرعی پالیسیوں اور اس ورکشاپ کو سراہا۔