کوٹ ادو، نیو سبزی منڈی میں سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے ہدایات
داخلی و خارجی راستوں پر جدید کیمرے ، مسلح گارڈز ،پارکنگ نظم کیلئے اقدامات
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) تھانہ صدر کوٹ ادو کی جانب سے نیو سبزی منڈی میں سکیورٹی مؤثر بنانے کیلئے جامع ہدایات جاری کر دی گئیں۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر ندیم حیدر نے آڑھتیوں کے صدر حاجی محمد یوسف، جنرل سیکرٹری چودھری عبدالوحید اور دیگر آڑھتیوں کے ساتھ میٹنگ کی جس میں منڈی کی سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ۔ایس ایچ او نے منڈی کے داخلی و خارجی راستوں سمیت آڑھتوں پر جدید کوالٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ مین گیٹ پر چار کیمرے نصب کرنے ، انٹری اور ایگزٹ گیٹ کو باقاعدہ فعال رکھنے اور آڑھتوں پر کیمروں کی مؤثر نگرانی کیلئے نظام بہتر بنانے کے احکامات بھی دیے گئے ۔ اس کے علاوہ منڈی میں سکیورٹی بڑھانے کیلئے چار باوردی اور اسلحہ بردار سکیورٹی گارڈ تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔اسی طرح رکشہ اور موٹرسائیکل پارکنگ کیلئے منڈی کے اندر مخصوص جگہ مختص کرنے پر مشاورت کی گئی جبکہ دفعہ 550 ض ف کے تحت خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی تھانہ منتقل کرنے کے اقدامات بھی زیر غور آئے ۔ شہریوں کیلئے جاری ہدایات میں گھروں کی دیواریں اونچی رکھنے ، موٹرسائیکل و گاڑیوں پر وائر یا کلچ لاک لگانے ، بچوں اور نوجوانوں کے معمولات پر نظر رکھنے ، گھروں و گلیوں میں کیمرے نصب کرنے اور محلوں میں باہمی مشاورت سے سکیورٹی گارڈ رکھنے کی تجاویز شامل ہیں۔