ٹرانسپورٹرز ہڑتال سنگین بحران کی شکل اختیار کرچکی،بختاور

 ٹرانسپورٹرز ہڑتال سنگین بحران کی شکل اختیار کرچکی،بختاور

تجارت ، صنعت ،برآمدات کو روزانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہا ،بیان

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے ملک بھر میں جاری گڈز ٹرانسپورٹ کی طویل ہڑتال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہڑتال قومی معیشت، تجارتی سرگرمیوں اور برآمدی شعبے کے لئے سنگین بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسلسل دس روز سے جاری یہ ہڑتال ملک کی سپلائی چین کو مفلوج کر رہی ہے ، جس کے باعث تجارت، صنعت اور برآمدات کو روزانہ اربوں روپے کے ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا ہے ۔صدر چیمبر نے کہا کہ بندش کی وجہ سے بندرگاہی سرگرمیاں تقریباً رک چکی ہیں۔

، ہزاروں درآمدی و برآمدی کنٹینرز بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں بھرے کنٹینرز سمندر میں برتھنگ کے انتظار میں کھڑے ہیں۔ اس غیر معمولی تعطل کے باعث برآمد کنندگان بین الاقوامی آرڈرز بروقت پورے کرنے کیلئے مہنگی ایئر فریٹ استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جو ان کی مسابقتی صلاحیت اور پاکستان کی عالمی تجارتی ساکھ کو متاثر کر رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی اوسط یومیہ برآمدات تقریباً 92ملین ڈالر اور ماہانہ برآمدات کا حجم 2.849 بلین ڈالر کے قریب ہے ، اور گڈز ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے مالی نقصانات، شپمنٹس میں تاخیر، آرڈرز کی منسوخی اور غیر ملکی خریداروں کے اعتماد میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں