سیاسی ، معاشی عدم استحکام سے کاروبار تباہ، فہد اسحاق

سیاسی ، معاشی عدم استحکام سے کاروبار تباہ، فہد اسحاق

نئے ٹیکسز، بڑھتی مہنگائی نے بازاروں میں ویرانی پیدا کردی ،بیان

ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران گھنٹہ گھر کے صدر فہد اسحاق سانگی نے کہا ہے کہ گزشتہ 77 سالوں سے جن بحرانوں اور مسائل کا سامنا ہے ، وہ آج بھی جوں کے توں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی 22 کروڑ سے زائد عوام آج بھی دو وقت کی روٹی کی محتاج ہیں۔ سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے کاروباری مراکز تباہ حالی کا شکار ہیں اور نت نئے ٹیکسز اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے مارکیٹس اور بازاروں میں ویرانی پیدا کر دی ہے ۔فہد اسحاق سانگی نے کہا کہ اگر بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی بدحالی پر قابو نہ پایا گیا تو مارکیٹس میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے تمام سیاسی اور علاقائی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات بھلا کر ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے یکجا ہوں، ورنہ صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی۔صدر انجمن تاجران نے کہا کہ تجارتی و صنعتی بحران کے باوجود ملک بھر کی تاجر برادری ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے ، لیکن سٹریٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات اور مہنگائی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مقتدر طبقے پر زور دیا کہ اقتدار بچانے کی بجائے ملک و قوم کی ترقی کے لئے حقیقی اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کاروبار اور معیشت کو سنبھالا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں