میٹرک سطح پر دو نئے تعلیمی گروپس متعارف کرانیکی تجویز
ٹیکنیکل اور زراعت کے مضامین کو نصاب میں شامل کرنے پر غور شروع
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملک بھر میں میٹرک سطح پر دو نئے تعلیمی گروپس متعارف کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے ، جس کے تحت ٹیکنیکل اور زراعت سے متعلق مضامین کو نصاب کا حصہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ اس پیش رفت پر مشاورت کے لئے انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن نے 23 دسمبر کو اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں میٹرک سطح پر مضامین کی نئی گروہ بندی، متبادل تعلیمی راستے ، اور اعلیٰ تعلیم میں داخلے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، انٹرمیڈیٹ کے پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اہلیت سے متعلق امور پر بھی غور کیا جائے گا۔مشاورتی اجلاس میں متبادل مضامین کی مساوات، غیر ملکی تعلیمی اسناد کی تسلیم شدگی، جنرل اور ووکیشنل تعلیم سے متعلق نکات زیرِ بحث آئیں گے ۔ میٹرک کے ٹیکنیکل اور زراعت کے گروپس سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں داخلے کے امکانات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
مزید براں، تعلیمی اصلاحات کو مؤثر بنانے کے لئے قومی سطح پر ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے ، جس سے تعلیمی نظام میں نئے اور متوازن مواقع پیدا کرنے کی توقع ہے ۔