اشتہاریوں کے مظالم سے تنگ خاتون انصاف کیلئے دربدر
گھر پر فائرنگ اورتشددکیا، تاوان کیلئے اغوا کیا گیا بیٹا بازیاب لیکن ملزم آزاد ملزموں کی قتل کی دھمکیاں، پولیس کاصلح کیلئے دباؤ ،انصاف وتحفظ کی اپیل
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)اشتہاریوں کے مظالم سے تنگ خاتون انصاف کیلئے دربدر، ملزموں کی قتل کی دھمکیاں،مقامی پولیس بھی الٹاملزموں سے صلح کیلئے دباؤ ڈالنے اور ہراساں کرنے لگی، متاثرہ خاتون ڈی پی او سے انصاف اور تحفظ کی اپیل ۔ بستی اوکیر موضع چتوائن کی رہائشی آمنہ مائی نے اپنے دامادوں محمد مدنی اور محمد اعظم کے ہمراہ بتایا کہ کہ 12 نومبر کو اشتہاری ڈاکوؤں آفتاب عرف تابی، عرفان، افتخار،اعجاز اور انکے 4 نامعلوم ساتھیوں نے اسکے بیٹوں احسن اور آصف کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، بعدازاں بھتے کی وصولی کے لیے گھر آکر شدید فائرنگ کی ، بعدازاں اسکے بیٹے احسن کو تاوان کی غرض سے اغواء کرکے لے گئے ، تھانہ روہیلانوالی میںمقدمہ کرایا تو بیٹا بازیاب کرایا گیا،بازیاب بیٹے نے عدالت میں دفعہ 164 کے تحت ملزموں کے خلاف بیانات بھی قلمبند کرائے ،مقدمہ میں نامزد ملزم کئی دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں،ہم نے پولیس کو ویڈیو بیانات ریکارڈ کرائے ،گولیوں کے خول فراہم کئے ۔اب پولیس الٹا ہمیں ہراساں اور صلح کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے ۔