ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی مہم تیز
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ٹریفک پولیس وہاڑی نے شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی مہم تیز کر دی ہے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی کی ہدایات اور نگرانی میں شہریوں کو مسلسل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ قانونی اور محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دیا جا سکے ۔ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی، ضروری دستاویزات کی تکمیل اور لائسنس کے تمام مراحل میں مکمل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے ۔ آن لائن لرنر لائسنس کے اجرا سے لے کر موبائل لائسنسنگ وین تک کی سہولت دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں اور وقت کی بچت ہو۔ڈی ایس پی ٹریفک ظفرالقدوس نے کہا کہ ڈی پی او وہاڑی کی قیادت میں ٹریفک پولیس عوام کو ہمہ وقت سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ٹریفک کنٹرول، نظم و ضبط اور شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر کا دفتر ہر شہری کے لیے کھلا ہے اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں براہِ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک نظام بہتر ہوگا بلکہ حادثات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔