زکریا یونیورسٹی، گاڑیوں کیلئے پٹرول سپلائی بند
متبادل ذرائع پر غور شروع، مسائل کا مستقل حل نکالنا ہوگا، پروفیسر، طلبہ کا مطالبہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی میں معاشی بحران بڑھ گیا، پٹرول کی مد میں ادائیگی نہ ہوسکی،گاڑیوں کے لئے سپلائی بند،نئے ٹھیکیدار تلاش کرنے کافیصلہ تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی ملتان کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جس کے باعث انتظامی امور بری طرح متاثر ہونے لگے ۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی پٹرول کی مد میں واجب الادا رقوم جو70لاکھ کی بروقت ادائیگی نہ کر سکی، جس کے نتیجے میں سرکاری گاڑیوں کے لئے پٹرول کی سپلائی بند کر دی گئی ہے ۔ اس صورتحال نے یونیورسٹی کے یومیہ انتظامی، تدریسی اور فیلڈ امور کو سنگین مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں نئے ٹھیکیدار تلاش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی حد تک ٹرانسپورٹ کے بحران پر قابو پایا جا سکے ۔ یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی وسائل کی قلت کے باعث طویل عرصے سے مختلف مدات میں ادائیگیاں التواء کا شکار ہیں، جن میں پٹرول، مرمت، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اخراجات شامل ہیں۔ پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث وائس چانسلر سیکرٹریٹ، تدریسی شعبہ جات، امتحانی عملہ اور دیگر انتظامی یونٹس کی نقل و حرکت محدود ہو کر رہ گئی ہے ، جس سے اہم اجلاسوں، انسپیکشنز اور روزمرہ امور کی انجام دہی متاثر ہو رہی ہے ۔موجودہ پٹرول ٹھیکیدار نے بقایاجات کی عدم ادائیگی کے باعث سپلائی روک دی، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے متبادل انتظامات پر غور شروع کر دیا ہے ۔
تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مالی مسائل کا مستقل حل نہیں نکالا جاتا، نئے ٹھیکیدار کا بندوبست بھی عارضی ثابت ہو سکتا ہے یونیورسٹی کے اندرونی حلقوں کے مطابق مالی بحران صرف پٹرول تک محدود نہیں بلکہ مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی کام بھی سست روی کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ ملازمین اور اساتذہ میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر حالات یہی رہے تو تعلیمی سرگرمیاں مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ حکومت اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مالی وسائل کی فراہمی کے لئے رابطے جاری ہیں ۔