ماسٹر پلان کے تحت زرعی رقبہ محفوظ بنایا جائے گا : لیاقت گیلانی

 ماسٹر پلان کے تحت زرعی رقبہ محفوظ بنایا جائے گا : لیاقت گیلانی

نئی کالونیوں کی اجازت معیار پر پورا اترنے کے بعد دی جائیگی:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خسرہ نوٹیفائی ،ماسٹر پلاننگ کے نقشہ جات نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنیکی ہدایات

لودھراں (سٹی رپورٹر ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ لینڈ یوز زوننگ پلان کے نفاذ سے متعلق اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز ارم شہزادی، فیصل ولید، رمضان خان اور میونسپل اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اے ڈی سی جی لیاقت علی گیلانی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق لودھراں ماسٹر پلان کے تحت زرعی رقبہ محفوظ بنایا جائے گا اور اربن علاقوں میں روڈ ماسٹر پلان کے تحت ہی نئی کالونیوں کی منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے مستقبل کی منصوبہ بندی کے ذریعے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں شاہراہوں کو کھلا کرنے ، ریونیو سٹاف کے خسرے ایک ہفتے میں نوٹیفائی کرنے اور ماسٹر پلاننگ کے نقشہ جات نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایات دیں۔مزید کہا گیا کہ ماسٹر پلان کے تحت ریونیو سسٹم اپڈیٹ کیا جائے گا، چھوٹی شاہراہوں میں توسیع ہوگی جس سے آمدورفت آسان ہو گی، زرعی رقبہ صرف زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہوگا، اور نئی کالونیوں کی اجازت مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کے بعد ہی دی جائے گی۔ متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں